(24 نیوز) ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ نے عارف نقوی کو امریکا حوالگی کی درخواست منظور کرلی جبکہ وکی لیکس کی بانی جولین اسانج کو ان کی جسمانی و ذہنی حالت کے سبب امریکا کے حوالے کرنے سے انکار کردیا گیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق عارف نقوی کے وکلا کا عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عارف نقوی کو امریکا کی جیل میں ناروا سلوک کا سامنا ہوگا۔ کیس کی سماعت کے دوران چھ ماہر گواہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے امریکا کی جیلوں کی حالت زار بیان کی ۔ امریکی شہریوں کو وائٹ کالر جرائم میں اوپن پرزن یا کیمپس میں رکھا جاتا ہے۔
امریکی شہری نہ ہونے کے سبب عارف نقوی کو میڈیم سکیورٹی جیل میں رکھا جائے گا ۔ ایسی جیلوں میں جرائم میں ملوث افراد یا منشیات گروپ رکھے جاتے ہیں، جہاں مار پیٹ عام ہے۔ عارف نقوی کو امریکی جیل بھیجنا ان کے انسانی حقوق سے سمجھوتہ کرنے کے مترادف ہے ۔
عارف نقوی کو اپریل 2019 میں امریکا کی درخواست پر برطانیہ میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ عارف نقوی کو دھوکہ دہی، جعلسازی اور منی لانڈرنگ سمیت 16 مختلف الزامات میں 300 برس کی سزا کا سامنا ہے۔