حکومت کیخلاف لانگ مارچ میں پورا ملک نکلے گا، قمر زمان کائرہ

Jan 28, 2021 | 19:21:PM

(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ جس دن حکومت کیخلاف لانگ مارچ ہو گا تو پورا ملک نکلے گا۔حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے استعفوں کا استعمال بھی ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں مداخلت اور اجارہ داری ختم ہونی چاہیے۔ پیپلز پارٹی شروع دن ملک میں اجارہ داری ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔سینٹ الیکشن کو روکنے کی بات ہوئی پاکستان پیپلز پارٹی نے مخالفت کی۔ہماری لیگل ٹیم نے رائے دی اگر استعفے بھی دے دیں تو سینٹ الیکشن کو نہیں روک سکتے۔پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں نے سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ تھا جلسہ نہیں تھا۔ہمارا احتجاج حکومت کے خلاف نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کے خلاف تھا۔ جس دن حکومت کے خلاف لانگ مارچ ہو گا تو پورا ملک نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو نہ ہو یہ بعد کا معاملہ ہے،بی بی شہید کے تحریک عدم اعتماد لائی گئی جو ناکام ہوئی لیکن چند ماہ بعد حکومت چلی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی ہم نے عدم اعتماد کا ذکر کیا تو وزیراعظم ایم این اے سے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے اندر بھی گروپنگ شروع ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں