پنجاب سکواش ایسوسی ایشن سے سپورٹ فنڈ کا ریکارڈ طلب

Jan 28, 2021 | 20:21:PM

(24 نیوز)سپورٹس بورڈ نے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن سے2017 سے 2019 تک جاری ہونے والے 50 ملین کے امدای سپورٹس فنڈز کا ریکارڈ طلب کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کوریکارڈ جمع کروانے کے حوالے سے صدر پنجاب سکوائش ایسوسی ایشن کو آخری نوٹس جاری کر دیا گیا۔سکوائش ایسوسی ایشن کو فنڈز کی تفصیل جمع کروانے کے لئے اب تک 6 خط لکھے جا چکے ہیں، سکواش کے فروغ کے لئے پنجاب سپوڑٹس کی جانب سے ایسوسی ایشن کو 50ملین کی خطیر رقم جاری کی گئی تھی۔ سپورٹس بورڈ نے سکواش کھیل کے صوبہ بھر میں فروغ کیلئے فنڈز مختص کئے۔
 پنجاب بھر میں سکواش کے مقابلوں،بہتر تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل اورکوچز کی ٹریننگ کیلئے فنڈز جاری کئے گئے تھے۔ معاہدے کے مطابق ایسوسی ایشن تمام فنڈز کے استعمال کی تفصیلات سپورٹس بورڈ کو جمع کروانے کی پابند تھی۔متعدد بار جواب طلب کرنے کے باوجود سکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ معاہدے کے مطابق تفصیلات جمع نہ کروانے کی صورت میں فنڈز کا غلط استعمال تصور کیا جائے گا۔ سپورٹس بورڈ کی جانب سے آخری نوٹس پر ریکارڈ فراہم نہ کروانے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 حکومت پنجاب نے سکواش ایسوسی ایشن کو تمام وسائل سے لیس کرنے کیلئے فنڈز جاری کئے تھے۔سکواش کی دنیا میں پاکستان نے ماضی میں اپنا منفرد مقام حاصل کر رکھا ہے۔ فنڈز کا درات استعمال کر کے سکواش کی بہترین ٹریننگ اور مقابلوں سے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔ بہتر نتائج کے حصول کیلئے منصوبوں کا شفاف ہونا بے حد ضروری ہے۔

مزیدخبریں