(24 نیوز)جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ پر مشتمل براڈشیٹ کمیشن کے ٹی او آرز تیارکرلئے گئے۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیشن کو تحقیقات کیلئے افسروں اور ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اختیار ہوگا، کمیشن براڈشیٹ اور آئی اے آر کے انتخاب ،تقرری کے عمل اور معاہدوں کی چھان بین کرے گا، کمیشن 2003 میں براڈشیٹ اور آئی اے آر کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کی وجوہات اور اثرات کی جانچ پڑتال کرے گا۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیشن 2008 میں براڈشیٹ کو پاکستان کی جانب سے کی گئی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی کرے گا، کمیشن یہ دیکھے گا کہ 2008 میں کی گئی ادائیگی جائز تھی؟ ،کمیشن 2008 میں 1 اعشاریہ 5 ملین ڈالر کی غلط ادائیگی کرنے کے ذمہ دار افراد یا عہدیداروں کی نشاندہی کرے گا، کمیشن اس بات کی نشاندہی کرے گا کہ آیا لندن عدالتوں کے سامنے کیس موثر طریقے سے لڑا گیا؟۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیشن اس بات کا تعین کرے گا کہ دعویدار کو ادائیگی کرنے کا عمل قانونی اور مقررہ قواعد و طریقہ کار کے مطابق تھا؟، کمیشن تعین کرے گا کہ غیر قانونی طور پر حاصل شدہ اثاثوں کی ریکوری کیلئے دائر کیسز کیوں بند کئے گئے، کمیشن کیسز بند کرنے کے نتیجے میں ملک کو ہونے والی مالی نقصان کا بھی تعین کرے گا، کمیشن غفلت یا بدانتظامی کے مرتکب کسی بھی فرد یا اتھارٹی کی ذمہ داری کی نشاندہی کرے گا۔
براڈشیٹ کمیشن کے ٹی او آرز تیارکرلئے گئے
Jan 28, 2021 | 20:58:PM