ملک بھر میں سردی کا راج برقرار،بارش ہوگی یا نہیں؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

Jan 28, 2024 | 09:41:AM

(فاطمہ خان،مبارک حسین اعوان، جہانزیب آفریدی )ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا۔ تاہم اسلام آباد، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔  

شہر لاہور میں خشک سردی کی لہر برقرار، خشک سردی سے شہریوں کی معمولات زندگی بھی متاثر ہونے لگی۔  محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے امکانات نہیں ہیں جبکہ آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ چل رہی ہے۔

خشک سردی کے ساتھ فضائی آلودگی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 215 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس کونسلیٹ305، فیز8-ڈی ایچ اے 314، کینٹ پولو گراؤنڈ302 ، ایچیسن کالج 205، شاہراہ قائداعظم 410، فدا حسین ہاؤس 172 جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ 150 ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔

 کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور رات میں خنکی رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے۔

طویل خشک سالی کے بعد آزادکشمیربھرسمیت ضلع جہلم ویلی میں بھی رات 3 بجے سے ہلکی بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسہ شروع ہو گیا ہے جس سے سموگ میں ڈوبا ہوا علاقہ صاف شفاف دکھائی دینے لگا ہلکی بارش کے ساتھ ساتھ سرد ہوا کے جھونکے بھی چلنے لگے۔ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادی تیراہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوتے ہی علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی۔ خیبر برفباری سے موسم خوش گوار

مزید پڑھیں: اسرائیلی حملوں میں مزید تیزی ،رہائشی علاقوں،طبی مراکز پر بمباری،مزید 185 فلسطینی شہید

ملک بھر کی طرح طویل خوشک سالی کے بعد دیربالا کے مختلف علاقوں میں سال کی دوسری برف باری شروع ہوگئی اس وقت کمراٹ تھل براول میدان شاہی میں برف باری جاری ہے۔ عوام نے سردی سے بچنے کیلئے لکڑیاں کاٹ کر جمع کرنا شروع کردیا۔

مردان میں بھی طویل خشک سالی کے بعد ابر رحمت برس پڑا۔  شہر اور مضافات میں بوندا باندی جاری ہے۔ بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کی توقع ہے، آج 28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ مذکورہ بالا علاقوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے، 30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں