شاندار پاکستان، شاندار مستقبل خراب ماضی سے چھٹکارا ہمارا منشور ہے ، بیرسٹر گوہر

Jan 28, 2024 | 20:05:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ شاندار پاکستان، شاندار مستقبل خراب ماضی سے چھٹکارا ہمارا منشور ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی کا منشور ہی ہمارا منشور ہے،صحت کارڈ کے ساتھ صحت کے میدان میں ہم اور بھی سہولیات فراہم کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہاکہ الیکشن کیمپین میں ہماری بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل دو مرتبہ ہائیکورٹ نے سپیسیفیک ڈائریکشن دی تھی،ہمیں مخالفین کے مقابلے میں برابر دلائل کا موقع نہیں دیا گیا،آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی مسلسل جاری ہے۔
بیرسٹر گوہر کاکہناتھا کہ آپ لوگوں نے کبھی تاریخ میں توہین الیکشن کمیشن کیس اس طرح چلتا نہیں دیکھا ہو گا،روزانہ کی بنیاد پر صبح 8 سے شام چار بجے تک مسلسل یہ ٹرائل چل رہا ہے،کسی ملزم کو اعتماد میں لئے بغیر وکیل منتخب کرنا قانوناً غلط ہے،عدلیہ سے پرزور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انسانی حقوق کی حفاظت سب سے پہلے آئین نے عدلیہ کے کندھوں پر ڈالا ہے،ہمیں الیکشن کمپین میں مشکلات کا سامنا ہے،سپریم کورٹ کے حکم اور صدر کی اجازت سے انتخاب کی تاریخ 8 فروری مقرر ہوئی،لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور کی بات ہمیں فیلڈ ہی نہیں دی گئی،ہم سے بلا چھینا گیا۔
ان کاکہناتھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے گزارش کی گئی کہ پرامن طریقے سے ریلیاں نکالیں،میاں اظہر کی گرفتاری کر کے عوام کا راستہ روکا گیا ہے،ہمیں اپنے انتخابی نشان متعارف کرانے میں بھی رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں،ہم ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہیں اور ہمیں انتخابی مہم کی اجازت ہی نہیں،ہماری پارٹی اور امیدواران کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے،عوام میں ہماری مقبولیت 70 فیصد سے زائد ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ شاندار پاکستان، شاندار مستقبل خراب ماضی سے چھٹکارا ہمارا منشور ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی کا منشور ہی ہمارا منشور ہے،ایک ملک میں دو قانون نہیں ہو سکتے ،رول آف لاءپوری دنیا میں بنیادی حق ہے،پاکستان کیلئے ہمارا درد سب سے مختلف ہے،ہرا بھرا صاف پاکستان ہمارا نعرہ ہے،سولر انرجی پر جانے کی کوشش کریں گے،صحت کارڈ کے ساتھ صحت کے میدان میں ہم اور بھی سہولیات فراہم کریں گے،تعلیم ہو گی تو نوکری ملے گی، چھوٹا خاندان خوشحال پاکستان۔
بیرسٹر گوہرنے کہاکہ یوتھ کی تعلیم، کاروبار کے مواقع ہماری اولین ترجیح رہیں گے، جی ڈی پی کا تین فیصد سوشل سیکٹر پر لائیں گے،پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے ہمیں برابری کی بنیادوں پر تمام دنیا سے تعلقات بنانے ہیں،ان کاکہناتھا کہ پاکستان ہمارا ہے فوج ہماری ہے، ہم اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنے حقوق استعمال کریں گے، ایک دستور ایک قانون ہم نے منشور میں ڈالا ہے،ہمارے تمام آزاد امیدواران پی ٹی آئی سے منسلک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر! بنوں میں پی ٹی آئی امیدوار کے گھر کے سامنے بم دھماکہ

مزیدخبریں