(میاں محمد اشفاق) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے دوبارہ بنائیں گے، جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہیں انہیں روزگار کے لئے 20 سالہ مدت کے قرضے دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سیالکوٹ میں جلسہ عام کیا گیا، پاور شو میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز سمیت مرکزی رہنما خواجہ آصف، سمیت دیگر مقامی قیادت نے شرکت کی، جلسہ عام میں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد شامل ہوئی۔
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا خطاب
سابق وزیراعظم پاکستان اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں، سیالکوٹ کے بہنوں بھائیوں ’آئی لو یو‘ اور ’لو یو ٹو‘ آج تو بہت شاندار دن ہے، کیا خوب محفل سجی ہوئی ہے، سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام برصغیر میں گونجتا ہے، سب سے بڑا وفادار میرے ساتھ کھڑا ہے جس کا نام خواجہ محمد آصف ہے، خواجہ آصف سے تعلق 34 سال سے نہیں بلکے 50 سال سے ہے، خواجہ آصف میرے کالج فیلو ہیں، خواجہ آصف کے والد کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری سیاسی تربیت کی، رانا شمیم بھی میرا ساتھی ہے، ارمغان سبحانی سے میرا تعلق ان کے والد اور چچا کے دور سے ہے، زارے شاہ سے تعلق بھی بہت پرانا ہے اور آج اس کی بیٹی دٹ کے کھڑی ہے۔
قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ خواجہ آصف سے پوچھا کہ سیالکوٹ کیسے آوں؟ سیالکوٹ آنے کے لئے جہاز، ہیلی کاپٹر اور سڑک سے ایک جیسا وقت لگتا ہے، جب ٹرین شروع کی تو ٹرین سے بھی اتنا ہی وقت لگے گا، میں سیالکوٹ کو مس کرتا ہوں، موٹر وئے ہم نے بنائی لیکن میں اس کا افتتاح نہیں کر سکا، لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے مطمئن نہیں ہوں، سیالکوٹ لاہور موٹر وئے کو دوبارہ بنائیں گے، کون کہتا ہے کہ یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں ہے، یہ تو سارا جلسہ ہی یوتھ کا ہے، جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہیں انہیں روزگار کے قرضے دیں گے، 20 سال کے لئے قرض دیں گے تاکہ نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔
پاکستان چھوڑ کر جانے سے متعلق بات کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ افسوس ہے کہ 2017 کا پاکستان جو میں چھوڑ کر گیا تھا اب وہ نہیں ہے، ہمارے منصوبوں کو مکمل کرنے دیا گیا ہوتا تو آج جلسے میں موجود ہر شخص کے پاس باعزت روزگار ہوتا، نواز شریف 4 روپے کی روٹی چھوڑ کر گیا تھا اب 25 روپے کی ہے، پیٹرول 60 روپے کا چھوڑ کر گیا اب پیٹرول 260 کا ہے، نہ بجلی نہ پانی نہ روزگار کچھ نہیں ہے، پوچھیں ان سے کے آپ کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا گیا؟ میں اپنے ساتھ جو ظلم ہوا وہ برداشت کر لوں گا لیکن آپ کے ساتھ ظلم نہیں ہونے دوں گا، ھم وعدہ کرتے ہیں کہ ملک کو واپس اسی جگہ لائیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا اظہارِ خیال
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا کہ سیالکوٹ صنعتکاروں کا شہر ہے، سیالکوٹیو میں آپ کی عظمت کو سلام کرتا ہوں، مخالفین کہتے میاں نواز جلسے نہیں کررہا ہے تو پھر کیمرے میں جلسہ ہو رہا ہے، 2017میں نواز شریف کا تختہ الٹ کر خوشحالی کے سفر کو ختم کردیا تھا، میاں نواز شریف پہلے دور میں ملک نے ترقی شروع کی، میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کے دانت کھٹے کئے تھے، نواز شریف کو 5 ارب ڈالر کی آفر ہوئی لیکن نواز شریف نے پھر بھی دھماکے کئے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ کو یاد ہے کہ نواز شریف کے دور میں لاکھوں لیپ ٹاپ دیئے گے، نواز شریف نے 20 ارب کے تعلیمی وضائف دیئے، لاکھوں بچوں کے روز گار سکیم کے تحت اربوں روپے دیئے، دوبارہ موقع ملا سیالکوٹ میں عرفہ کریم کی طرز پر آئی ٹی انڈسٹری بنا کر دیں گے، اگر آپ نے دوبارہ موقع دیا تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
مریم نواز کا خطاب
چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ وہ واحد شہر ہے جہاں نواز شریف دوسری بار آئے ہیں، سیالکوٹ وفاداروں کا شہر ہے، خواجہ آصف کہتے ہیں کہ نواز شریف کا ممنون ہوں لیکن اصل میں ہم آپ کے ممنون ہیں، آپ نواز شریف، شہباز شریف سے اس لئے پیار کرتے ہیں کیونکہ نواز شریف آپ سے پیار کرتے ہیں، ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں ہے بلکہ آپ کا مستقبل ہے، بچوں کا مستقبل پیٹرول بمب نہیں آئی ٹی انڈسٹری ہے، 8 فروری کو کوئی آپ کے سامنے موجود ہو یا نہ ہو آپ نے گھر میں نہیں بیٹھنا، 8 فروری کو شیر پر مہر لگانی ہے۔
خواجہ آصف کا خطاب
خواجہ محمد آصف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں قائد نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کا سیالکوٹ آنے پر شکر گزار ہوں، آپ دونوں بھائیوں نے میرے شہر آ کر عزت افزائی کی ہے، آج سے 34 سال پہلے جب آپ پہلی دفع وزیراعظم بنے تب آپ میرا ہاتھ پکڑ کر سیاست میں لائے تھے، الحمد للہ وفا کا سفر جاری و ساری ہے، انشاءاللہ مرنے تک جاری رہے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ جناب قائد میں نے اپنی ادھی زندگی آپ کی رفاقت میں گزاری ہے، آپ کے نام پر میرے شہر کے لوگوں نے 6 دفع ایم این اے بنایا ہے، انشاءاللہ اب ساتویں دفع ایم این اے بنائیں گے، میں اور میرا خاندان آپ کا ورکر ہونے پر فخر کرتے ہیں۔