بشریٰ بی بی کی ایک اور بانی پی ٹی آئی کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع

Jan 28, 2025 | 10:18:AM
بشریٰ بی بی کی ایک اور بانی پی ٹی آئی کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جعلی رسید اور پی ٹی آئی احتجاج کے دوران درج کیسز میں بشریٰ بی بی کی ایک اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 11 فروری تک توسیع کر دی گئی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی اور شمساء کیانی اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ کی عدالت پیش ہوئے،وکیل انصر کیانی نے کہا کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائے جانے پر گرفتار ہیں، انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، وہ اڈیالہ جیل میں قید ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری لگائی جائے۔

مزید پڑھیں:عمران خان کو جیل میں کیا کیا سہولت دستیاب ہے ؟سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نے عدالت کو بتادیا 

 جج افضل مجوکہ نے کہا کہ میں آج پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں مصروف ہوں، اس لیے آج کچھ نہیں ہو گا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری درخواستِ ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔ 

  دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کردی۔

جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے بریت کی درخواستوں پرسماعت کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اپنےمؤکل کی ہدایت پر کیس دوسرے بینچ کومنتقل کرنے کی درخواست کر رہا ہوں۔مؤکل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئر ججز موجود ہیں، وہ کیس سنیں۔ 

سلمان صفدر نےعدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے پر غور کیا جائے اور کوئی نئی تاریخ نہ دی جائے۔ عدالت نےوکیل کے دلائل سننے کے بعد سماعت ملتوی کر دی۔