اداکار عثمان کا خاتون ڈائریکٹر پر ہراسگی،بلیک میلنگ کا الزام 

Jul 28, 2021 | 12:39:PM

 (ویب ڈیسک)عثمان مختار نےمقبول فوٹوشیئرنگ انسٹاگرام اسٹوریز  پر  ایک طویل اسٹوری شیئر کی ہے جس میں اداکار نے ایک برس سے زائد عرصے سے خاتون ویڈیو ڈائریکٹرکی جانب سے ہراسگی سمیت فیملی اور  دوست احباب کو بھی نشانے پر لیے جانے سے متعلق بتایا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار عثمان مختار نے ایک خاتون میوزک ڈائریکٹر پر گزشتہ ڈیڑھ برس سے ہراساں اور  بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔عثمان مختار  نے پوسٹ میں لکھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک خاتون کی جانب سے ہراساں، بلیک میل کیا جا رہا اور  ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، ہراسگی سے متعلق ایف آئی اے کو شکایت کی تھی، طویل جدوجہد کے بعد ایف آئی اے خاتون کا سراغ لگانے میں کامیاب رہی کیونکہ ابتداء میں جعلی ایڈریسز ہونے کے سبب ایف آئی اے خاتون تک پہنچنے میں ناکام رہی تھی لیکن اس کے باوجود خاتون کی جانب سے اب تک انھیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

عثمان مختار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ میرےاہل خانہ بالخصوص والدہ اور دوست بھی ہراسانی اور بدنام تبصروں کا نشانہ بن رہے ہیں، میری ذہنی صحت متاثر ہوئی میں خاموش رہا اور حکام کو اس سے نمٹنے کا موقع دیا لیکن اب میں تھک گیا ہوں۔ اداکار نے اپنی پوسٹ میں خاتون سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ان خاتون کے ساتھ 2016 میں ان کی ایک میوزک ویڈیو کے لیے کام کیا تھا،کام کے دوران خاتون سے تخلیقی بنیادوں پر مستقل اختلافات ہوئے اور بحث بھی ہوتی رہی، بالاخرخاتون کے پراجیکٹ سے علیحدہ ہو گیا، بعد ازاں خاتون نے بطور ڈائریکٹر مجھے کریڈٹ دیے بنا ویڈیو ریلیز کر دی لیکن میرے لیے یہ مسئلہ نہیں تھا۔

کچھ سالوں بعد خاتون نے سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جھوٹے دعوے کرنے کا فیصلہ کیا، چند سالوں سے ان خاتون کے دعوے ان کے مزاج کے پیش نظر ہر پوسٹ پر تبدیل ہو جاتے ہیں ، وہ گزشتہ 3 سالوں سے مجھے پیغامات بھیج رہی ہیں لیکن میں نے ان پیغامات کا جواب نہیں دیا کیوں کہ مجھے جواب دینا مناسب نہیں لگا۔

عثمان مختار کی جانب سے خاتون آرٹسٹ کے پیغامات کا اسکرین شاٹ بھی انسٹاگرام پوسٹ اور اسٹوریز میں شیئر کیا گیا تاہم اداکار نے خاتون کا نام کہیں بھی نہیں لیا۔دوسری جانب اداکار کی پوسٹ پرخاتون فنکاروں سمیت مداحوں کی جانب سے تعاون کے تبصرے کیے جارہے ہیں۔
 یہ بھی پڑھیں:    جڑواں شہروں میں شدید بارشیں، نالہ لئی میں طغیانی

مزیدخبریں