اسلام آباد :طوفانی بارشیں،2افراد ڈوب کر جاں بحق ،سیلابی ریلے میں گاڑیاں بہہ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح طوفانی بارش سے وفاقی دارالحکومت کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے،پانی گھر میں داخل ہونے سے 2افراد جان کی بازی ہار گئے، متعدد گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا۔
راولپنڈی میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے اکیس فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے بعد وقتی طور پر صورتحال قابو میں ہے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات ایک با ر پھر اسی شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔
ایف ٹین، ای الیون اور ڈی ٹوایلیوو کے سیکٹرز سب سے زیادہ متاثر ہوئے، پانی گھروں اور پلازوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہیں ہیں۔ ای الیون ون گھر کی بیسمینٹ میں ماں اور آٹھ سال کا بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 5 سالہ بیٹے کو بچا لیا گیا۔ صورتحال پر شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے خلاف پھٹ پڑے۔
ذرائع کے مطابق سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور پاک فوج کے دستے بھی امدادی کاموں میں شریک ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے نالہ لئی پہنچے اور 90 روز میں نالہ لئی پر کام شروع کرنے کا وعدہ کیا۔