ن لیگ کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ، وزیراعلیٰ پنجاب کی احسن سلیم بریار کو مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ سیالکوٹ کے عوام نے خدمت، شرافت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر سیالکوٹ کے عوام خصوصا پی پی 38 کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہاہے کہ پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔مخالف جماعت کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ہے۔اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی موجودہ حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کی فتح ہے۔ سیالکوٹ کے عوام نے کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔نتیجہ نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہاکہ ثابت ہو گیا کہ عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ کے عوام نے سرخرو کیاہے۔ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔امید ہے کہ احسن سلیم بریار حلقے کے عوام کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کریں گے۔ان کاکہناتھا کہ سیالکوٹ الیکشن میں شفافیت کا بول بالا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی38 ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا، ن لیگ کو شکست