ریاستی اداروں کے حوالے سے وزیر اعظم کا بڑا بیان

Jul 28, 2022 | 11:34:AM

(ویب ڈیسک )ملک کی موجودہ سیا سی صورتحال کو لے کر اہم سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں اور رہنمائوں کے بیانات سامنے آ  رہے ہیں اب ہمارے موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں کیے گئے اپنے خطاب سے متعلق ایک ٹوئٹ کی۔شہباز شریف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ قومی اسمبلی میں میرے خطاب کا مزکز و محور تھا کہ جمہوری نظام کو بہترین طریقے سے چلنے دیا جائے اور اسے مؤثر انداز میں کام کرنے دیا جائے۔وزیراعظم نے مزید لکھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اپنی متعین کردہ آئینی حدود میں  رہ کر کام کریں، اس چیز کو سمجھے بغیر ہم دائرے میں گھومتے رہیں گے اور کہیں بھی نہیں پہنچ سکیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ عمران خان نے مارچ میں دھوکے سے اسمبلی توڑنے کی کوشش کی، مارچ میں جس طرح صدر، وزیر اعظم اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی لیکن انہیں تو کسی نے نہیں بلایا لیکن پنجاب کے ڈپٹی اسپیکر کو بلا لیا گیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں انصاف کا دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔

مزیدخبریں