مہنگائی سے ہلکان عوام کو نیپرا کا زور کا جھٹکا

Jul 28, 2022 | 15:12:PM

(ویب ڈیسک )مہنگائی سے ہلکان عوام کو زور کا جھٹکا، نیپرا نے بجلی 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی، سی پی پی اے نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی۔

دوران سماعت سی پی پی اے نے کہا کہ گزشتہ ماہ 13 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی، پیدا شدہ بجلی کی لاگت 213 ارب روپے رہی، فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 36 روپے 20 پیسے، کوئلہ 20روپے 80 پیسے، مقامی گیس 8 روپے 92 پیسے، ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہی۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایران سے 19 روپے 57 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی اور 42 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہو گئی۔

نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 9 روپے 89 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہو گا، اس کے نتیجے میں بجلی کے صارفین پر ایک ماہ میں 100 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کراچی کے شہریوں کے علاوہ تمام صارفین پر لاگو ہو گا۔

مزیدخبریں