شہر شہر نویں محرم الحرام کے جلوس، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام

متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند, موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے 

Jul 28, 2023 | 09:29:AM

 ( امانت گشکوری، کلیم اختر )شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں، سکیورٹی کے خصوصی اور سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سے برآمد ہو گا،جلوس کے راستوں کو خار دار تاریں، ٹینٹ اور کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، جلوس کی سکیورٹی پر ایک ہزار 685 اہلکاروں و افسران تعینات ہوں گے۔

لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں عزادار شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی ہے، جلوس خیمہ سادات سے ہوتا ہلوا واپس پانڈو اسٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، سراج بلڈنگ چوک میں نماز ظہرین مولانا سید حسن عباس کی امامت میں ادا کی جائےگی۔

لاہور میں نکلسن روڈ پر نویں محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہ عطیہ اہل بیت سے شبیہ اور زیارت کا جلوس برآمد ہوگا، امام بارگاہ میں مجلس کا آغاز صبح ساڑھے 6 بجے ہوا، جو تاحال جاری ہے،جلوس نکلسن روڈ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستے پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، نکلسن روڈ پر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی جانب سے پانی کی سبیل کا بندوبست کیا گیا۔

  کراچی اور اسلام آباد سمیت بیشتر شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی،کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپاک سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

 شہر قائد میں جلوس کے ملحقہ راستے عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیئے گئے، جلوس کے برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ روٹ کی سرچنگ کرے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹ پر نظر رکھی جائے گی، جلوس کے راستے پر جگہ جگہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، روٹ کے اطراف کی بلند عمارتوں پر بھی رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے،ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کئے گئے ہیں۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی 9ویں محرم الحرام کے جلوس کی تیاریاں مکمل ہیں جس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

ملتان میں نویں محرم الحرام کا جنوبی پنجاب کا مرکزی اور حساس ترین جلوس ممتاز آباد سے برآمد ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔

فیصل آباد میں نویں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، ڈی سی آفس کے کنٹرول روم سے مجالس اور جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ جاری ہے۔

پشاور میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے آج دو مرکزی جلوس برآمد ہونگے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوگا جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے نکلے گا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہونگے۔

علاوہ ازیں متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند ہوگی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 
 

مزیدخبریں