(ویب ڈیسک)دنیا کی انوکھی شادی،لڑکی نے 32 فیصد جھلسے ہوئے شخص کو ہمسفر بنالیا ۔
رپورٹ کے مطابق دولہا پریسٹن کوب جو عراقی جنگ کے سابق فوجی ہیں اُنہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں منگنی کے بعد 22 جولائی کو اپنی منگیتر تنیشا سے شادی کا ارادہ کیا تھا۔
تاہم شادی سے ایک ماہ قبل پریسٹن کوب 30 جون کو کام کے دوران ایک کیمیکل کے پھیلنے کی زد میں آگیا جس سے وہ 32 فیصد تک جھلس گیا تھا۔ اس کی چوٹیں اتنی سنگین تھی کہ اُسے ہوائی جہاز سے جارجیا کے ایک ہسپتال کے برن آئی سی یو میں لے جایا گیا۔
جب کوب گرا تو اُس کیمیکل کا درجہ حرارت 1500 ڈگری فارن ہائیٹ تھا، جس کے نتیجے میں اسے اپنی نو انگلیوں سے محروم ہونا پڑا- ڈاکٹروں کو اس کے ہاتھ کی انگلیاں کاٹنا پڑیں۔
کوب کو خدشہ تھا کہ اس کی منگیتر اب اس سے شادی نہیں کرنا چاہے گی۔ تاہم اُسے غلط ثابت کرتے ہوئے تنیشا اُس کی صحت یابی کا انتظار کرتی رہی ۔
جیسے ہی کوب صحت یاب ہوا، جوڑے کا بڑا دن قریب آگیا، اُن کا خاص دن ایک نرس کی بدولت آگے بڑھا۔ ہسپتال کے جے ایم ایس برن سینٹر کی نرس ’’مریم کک‘‘ نے جوڑے کو کوب کی دیکھ بھال کے دوران اپنی شادی کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے سنا تھا۔
جوڑے کی اپنی اصل تاریخ پر شادی کرنے کی خواہش کو سن کر نرس نے اپنی ساتھی نرسوں اور ڈاکٹروں کی مدد سے برن سنٹر میں تقریب کا اہتمام کیا۔ اپنے خاندان، دوستوں اور نرسوں کے ساتھ کوب اور تنیشا نے اپنی قسمیں کھائیں اور دل کو چھو لینے والی تقریب میں شادی کی۔