(24 نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے کے بڑے شہروں کا دورہ کیا اور نویں، دسویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سیف سٹی اتھارٹی لاہور کا دورہ کیا، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن،سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر اور سیف سٹی اتھارٹی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کیس؛ پی ٹی آئی کی خاتون رہنما سے متعلق عدالت سے بڑی خبرآگئی
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیجیٹل وال پر جلوسوں کے روٹس کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے مانیٹرنگ کے لئے تعینات پولیس کمیونیکیشن آفیسرز اور دیگر محکموں کے عملے سے ملاقات کی اور انہیں مزید محنت سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی۔
ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان نے 9ویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کور کیا گیا ہے، سیف سٹی آپریشن اینڈ مانیٹرنگ سنٹر سے پولیس کمیونیکیشن افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، محرم الحرام و یوم عاشور کافول پروف سکیورٹی پلان، نویں اوردسویں محرم الحرام کے جلوسوں ومجالس کی 8624کیمروں سے 24/7 نگرانی کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی سیف سٹی اتھارٹی کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے6500 کیمرے فنکشنل ہیں، کچھ عرصہ قبل صرف 2000 کیمرے کام کر رہے تھے، اب 6500 کیمرے فنکشنل ہیں، محرم الحرام کے حوالے سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے 1500 مزید کیمروں کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ 624 سپیشل کیمرے بھی لگائے گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: گندم کی قیمت میں پھر اضافہ، فی من نرخ کہاں پہنچ گئے؟پریشان کن خبر
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عاشورہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے یکسو ہے، نگران صوبائی وزراء عاشورہ محرم کے انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے آج راولپنڈی کا دورہ کیا ہے اور انتظامات کا جائزہ لیا ہے، واسا کو ممکنہ بارش کے پیش نظر الرٹ کر دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ جلوسوں کے روٹس پر پانی جمع نہ ہو، محرم الحرام کے 9 روز خیریت سے گزر گئے ہیں اور انشاء اللہ یوم عاشور بھی پرامن اور خیریت سے گزرے گا، امام حسین علیہ اسلام نے اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا، ہم سب کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ کام کرنا ہے اور پرامن فضا کو یقینی بنانا ہے، انتظامیہ اور پولیس پوری طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔