کے پی حکومت نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کیلئے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم کو خط لکھ دیا گیا۔
وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کو خط لکھا ہے، خط صوبائی حکومت کے اسٹیبلشمنٹ اور ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ارسال کیا گیا۔
آفتاب عالم نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اب کمیشن کے لیے ناموں کا اعلان کریں گے اور جوڈیشل کمیشن کے سربراہ پشاور ہائیکورٹ کے جج ہوں گے، خط میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے خیبرپختونخوا کابینہ نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری دی تھی اور کہا تھا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث اصل کرداروں کو سامنے لائیں گے۔
صوبائی حکومت میں آتے ہی پی ٹی آئی نے یہ مؤقف اپنایا تھا کہ وہ 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائے گی اور اس سلسلے میں چند دن قبل کابینہ اجلاس ہوا جس میں جوڈیشل انکوائری کی منظوری دی گئی اور اب جوڈیشل انکوائری کے حوالے سے باضابطہ طور پر خط چیف جسٹس کو لکھا گیا ہے۔