(ویب ڈیسک)میٹھا زیادہ کھانا آپ کی صحت کے لیے اچھا نہیں ہوتا لیکن خوراک میں میٹھے کی مقدار بہت کم کرنے سے بھی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
پھل، سبزیاں اور دودھ وغیرہ میں قدرتی شکر موجود ہوتی ہے جبکہ پراسیس شدہ کھانوں اور مشروبات/کولڈڈرنکس مصنوعی طور پر چینی شامل کی جاتی ہیں، تاہم طبی ماہرین ہمیشہ اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔
کیا ہوگا اگر ہم چینی کو اپنی غذا سے مکمل طور پر نکال دیں؟ مندرجہ ذیل ان 10 فوائد کا ذکر ہے جو آپ چینی کا استعمال چھوڑ کر حاصل کرسکتے ہیں۔
1۔ توانائی میں اضافہ
چینی کا استعمال ختم کرنے سے بلڈ شوگر کو مستحکم کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
توانائی کی مستحکم سطح پیداواری صلاحیت کو بڑھاتی ہے اور دن بھر تھکاوٹ اور سستی کے احساس کو کم کرتی ہے۔
2۔ بڑھتے وزن پر قابو
چینی چھوڑنے سے جسم میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے جوکہ وزن میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
بڑھتے وزن کو قابو کرنے سے موٹاپے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل مثلاً ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
3۔ مزاج اور ذہنی صلاحیت میں بہتری
بلڈ شوگر لیول مستحکم ہونے سے مزاج میں بدلاؤ اور ذہنی انتشار پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے، جس کا سامنا اکثر شوگر لیول بڑھنے یا کم ہونے کی صورت میں کرنا پڑتا ہے۔
منتشر خیالات سے چھٹکارا اور مزاج میں بہتری ہمارے ارتکاز اور مجموعی ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔
4۔ دل کی بیماریوں سے چھٹکارا
چینی کے استعمال میں کمی ٹرائگلیسرائیڈز، بلڈ پریشر اور سوزش کو کم کرتی ہے، یہ سب دل کی بیماریوں کا سبب بننے والے عوامل ہیں۔
دل کی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے سے بہتر قلبی صحت اور لمبی عمر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
5۔ صحت مند جلد
چینی کا استعمال کم کرنا سوزش سے بچاتا ہے اور 'ایڈانسڈ گلیکشن اینڈ پروڈکٹس (AGEs)' کی پیداوار کو کم کرتا ہے جو جلد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
صحت مند جلد عمر سے پہلے بوڑھا نظر آنے سے بچاتی ہے اور آپ کو زیادہ جوان دکھاتی ہے۔
6۔ ذیابیطس کے خطرے میں کمی
چینی کا استعمال چھوڑنے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے، اس سے انسولین لیول بہتر ہوجاتا ہے اور لبلبے پر بوجھ کم پڑتا ہے۔
ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے سے اس سے جڑی دیگر طبی پیچیدگیوں پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
7۔ صحت مند دانت
چینی آپ کے دانتوں کی خرابی اور مسوڑھوں کی بیماریوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ چینی کی مقدار کو کم کرنے سے مسوڑھوں کے انفیکشن سمیت منہ کے دیگر مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
دانتوں کی بہتر صحت دانتوں کے سڑنے، مسوڑھوں کی بیماری سے محفوظ رکھتی اور دانتوں کے علاج کے مہنگے اخراجات سے بچاتی ہے۔
8۔ مضبوط مدافعتی نظام
چینی کی زیادہ مقدار مدافعتی نظام کو کمزور کر سکتی ہے، جس سے انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
چینی کا استعمال کم کرنا مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے جوکہ انفیکشنز سے لڑنے اور بیماریوں سے جلد صحت یاب ہونے کی جسمانی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔
9۔ بہتر ہاضمہ
چینی کا استعمال چھوڑنا نقصان دہ بیکٹیریا کی افزائش ختم کرکے ہاضمے کو بہتر بنا سکتا ہے۔
بہتر ہاضمہ اپھارہ، گیس اور دیگر تکلیف دہ علامات سے نمٹ سکتا ہے اور ایک متوازن طبی صحت کو فروغ دیتا ہے۔
10۔ کینسر کی بعض اقسام کا خطرہ
چینی کی زیادہ کھپت سوزش اور انسولین لیول بڑھنے کا باعث سمجھی جاتی ہے، یہ دونوں عناصر کینسر کی بعض اقسام کی نشوونما کو فروغ دے سکتے ہیں۔
چینی کا استمال کم کرنے سے کینسر کی ان اقسام کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے اور بہتر طبی صحت کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔