مذاکرات شروع ، حکومت اورجماعت اسلامی کا وفد کمشنرآفس راولپنڈی پہنچ گیا

Jul 28, 2024 | 16:29:PM

(24نیوز)حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات شروع ، حکومت اورجماعت اسلامی کے وفود کمشنرآفس راولپنڈی پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم میں وفاقی وزراء عطاء تارڑ اور اویس لغاری ، طارق فضل چوہدری اور امیر مقام بھی شامل ہیں۔

جماعت اسلامی کی جانب سے لیاقت بلوچ اور امیرالعظیم موجود ہیں،جماعت اسلامی کی کمیٹی میں سید فراست شاہ اورنصراللہ رندھاوا بھی شامل ہیں۔

کمشنر آفس پہنچنے پر وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو  میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں سے مذاکرات کے بعد تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے گا،ہماری جانب سے مذاکراتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اویس لغاری ملک میں موجود نہیں، وہ چین گئے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کے ساتھ مل بیٹھ کر بات کریں گے، جماعت اسلامی کے بجلی سے متعلقہ معاملات ہیں،200 یونٹ تک استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو پہلے ہی 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ حکومت سولر پراجیکٹس بھی شروع کر رہی ہے، ڈیزل اور تیل پر چلنے والے پلانٹس کو بند کیا جائے گا، سولر ٹیوب ویل لگنے سے بجلی کی کھپت میں کمی ہوگی۔۔ان اقدامات کا مقصد سستی اور معیاری بجلی پیدا کر کے بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ہے۔

مزیدخبریں