فائنل میں بھار ت کو بری شکست، سری لنکا ایشین چیمپئن بن گیا

Jul 28, 2024 | 18:27:PM

(افضل بلال) سری لنکن ویمنز ٹیم کی کوششیں رنگ لے آئیں، 5 بار فائنل ہارنے کے بعد آخر کار کامیابی حاصل کر لی، رواں ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت ویمنز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سری لنکا ویمنز ٹیم پہلی مرتبہ ایشین چیمپئن بن گئی۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے زیرِ اہتمام سری لنکا میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 میزبان سری لنکا نے ہی جیت لیا، دمبولا میں ہونے والے فائنل میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 166 رنز کا ہدف دیا جس کو سری لنکا ویمنز نے 19 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی عبور کر لیا۔

بھارت ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے سمریتی مندھانا نے 47 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ان کے علاوہ ریچا گھوش 30 اور جمیمہ روڈریگیوس 29 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، سری لنکا کی جانب سے کاویشا دلہاری نے 2 جبکہ سچینی نیسانسلا، اوڈیشکا پروبودھانی اور کپتان چمیری اتاپتو نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت کے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز اچھا آغاز نہ کر پائیں، دوسرے ہی اوور میں وشمیری گونارتنے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں، بعد میں کپتان چمیری اتاپتو اور ہرشیتھا سماراویکرما نے عمدہ بلے بازی کی اور بھارت گیند بازوں کے چھکے چھڑا دیے، ہرشیتھا سماراوکرما نے 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 69 رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں بنیادی کردار ادا کیا، ان کے علاوہ کپتان چمیری اتاپتو نے 43 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ کاویشا دلہاری نے بھی 16 گیندوں پر 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپکس 2024 میں شامل حسن کی دیویوں کے چرچے

بھارت کی جانب سے دپتی شرما نے ایک وکٹ حاصل کی ان کے علاوہ کوئی بھی گیند باز وکٹ حاصل نہ کر سکی، بھارت کی جانب سے رادھا یادو 4 اوورز میں 47 دے کر سب مہنگی گیند باز ثابت ہوئیں۔

مزیدخبریں