(24نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پتہ ہے اصلاحات اور اقدامات کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں،قومی معاشی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایلیمنٹری سکول مینگڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسیاسی جماعتوں سے مل بیٹھنے کی درد مندانہ اپیل کر دی،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ ملکی چیلنجز ایک جماعت کے نہیں، سیاسی پارٹیاں سیاست اور لانگ مارچ کی بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالیں،پاکستان کو سی پیک فیز ٹو کی صورت میں نادر موقع ملا ہے، چین نے ایک بار پھر ہماری طرف ہاتھ بڑھایا ہے، چین پاکستان میں روزگار، توانائی اور خطے سے جوڑنے کے منصوبے پر کام کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عجیب اتفاق ہے کہ سی پیک کے ساتھ ہی مخصوص کردار بد امنی پیدا کرنا شروع کر دیتے ہیں ،2013 کے بعد انہی کرداروں نے تشدد اور بدامنی کو پھیلایا، آج بھی کچھ کردار چینی سرمایہ کاروں کو بھگانے کے لیے سرگرم ہیں،سازش کے تحت گوادر اور ملک کے دیگر حصوں میں مظاہرے کرائے جا رہے ہیں، جس کا مقصد سی پیک فیز ٹو کو روکنا ہے، کوئی حکومت نہیں چاہتی کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر پڑے ،معیشت اس صورت میں ملی کہ پورا ملک قرضوں میں جا چکا ہے۔
انہو ں نےکہا کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پتہ ہے اصلاحات اور اقدامات کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں،قومی معاشی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ،بجلی بحران کی وجہ کرنسی کی ڈیویلیشن ہے، چار ڈسکوز کے علاوہ تمام ڈسکوز میں بجلی چوری ہو رہی ہے، گجرانوالہ اسلام اباد فیصل اباد اور لاہور کے علاوہ تمام ڈسکوز بجلی چوری کر رہے ہیں، کے پی کے سمیت تمام صوبے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بجلی چوری کو روکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتشار سے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا،2018 میں سازش سے ملک کو ایک اناڑی اور ضدی شخص کے حوالے کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے عزیز ملک چین پر کرپشن کے بے بنیاد الزام لگائے، بانی پی ٹی ائی نے 4 سالوں میں مخالفین پر مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا، سڑکوں پر ہنگاموں اور عوام کو مشتعل کرکے سرمایہ کاروں کو بھگایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ویزا پالیسی میں نرمی،126 ممالک کےسرمایہ کار اور سیاح کو 24 گھنٹوں میں ویزا جاری کئے جائیں گے:وزیراعظم