(24 نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی اور پی ٹی اے کو ٹک ٹاک ایپلی کیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواداپلوڈ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، درخواست گزار بیرسٹر اسد اشفاق نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کیاکہ ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اورغیر اسلامی مواد رکھا جا رہاہے ،پی ٹی اے کو شکایت دی تاحال کارروائی نہیں ہوئی ، درخواست گزار کا مزید کہناتھا کہ پشاور ہائیکورٹ بھی وارننگ جاری کرچکی ہے ،پی ٹی اے غیر اخلاقی مواد ہٹانے میں کامیاب نہ ہوئی ۔
عدالت نے موقف سننے کے بعد ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی اورپی ٹی اے کو ٹک ٹاک ایپلی کیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیدیا، سندھ ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیااور8 جولائی تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
ادھرسپریم کورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ حکومت کو مواد کو سینسر کرنے کیلئے مکینزم بنانے کا حکم دیا جائے، ٹک ٹاک جرائم کو فروغ دینے کا باعث بن رہی ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ ٹک ٹاک پر لوگ منشیات اور اسلحہ استعمال کرتے ویڈیوز اپ لوڈ کرتے، تعلیمی اداروں میں ٹک ٹاک کے استعمال سے ماحول خراب ہو رہا ہے،ٹک ٹاک پر ویوز لینے کیلئے لوگ خودکشی جیسے اقدامات کی ویڈیوز بھی بنا رہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول کی زیر صدارت اجلاس، قومی سلامتی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ