(ما نیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ بائولر سرفراز نواز کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرفراز نواز نے پاکستان کی جانب سے 55ٹیسٹ میچز میں شرکت کی اور 177وکٹیں حاصل کیں ،انہوں نے 45 ایک روزہ میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور 63وکٹیں حاصل کیں مگر منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو نے ان کے حالات زندگی سے پردہ اٹھایا جس نے اس عظیم کھلاڑی کے چاہنے والوں کو رنجیدہ کر دیا۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سرفراز نواز نے کہا کہ ایک زندگی پاکستان کرکٹ بورڈ کی خدمت کرتے گزاری مگر کرپشن اور جوئے کو بے نقاب کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج میری پنشن روکی ہوئی ہے ۔ مجھے سٹنٹ ڈا لے گئے جبکہ میں شوگر کا مریض بھی ہوں ، ان حالات میں میری مدد کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے دشمن بنے ہوئے ہیں ۔
سرفراز نواز نے کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں جوئے اور کرپشن کی نشاندہی کی تھی ، میری نشاندہی کرنے پر وہاں کچھ با اثر افراد کو معطل بھی کیا گیا تھا مگر اس کے بعد میری پنشن روک دی گئی جس پر میں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، احسان مانی نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ میرے معاملے کو میرٹ پر دیکھیں گے ۔ احسان مانی نے تیسرے شخص کے ذریعے مجھے پیغام بھجوایا کہ ہم آؤٹ آف کورٹ معاملہ ڈیل کر لیتے ہیں جس پر میں نے انہیں خط لکھا کہ میں آؤٹ آف کورٹ معاملہ سیٹل کرنے کو تیار ہوں ، مگر اب احسان مانی کے وکیل کی جانب سے خط آیا ہے کہ آپ پہلے معافی مانگیں ، عدالت سے اپنا کیس واپس لیں پھر آپ کے معاملے کو دیکھتے ہیں ۔سرفراز نواز نے کہا کہ میں نے اپنے وکیل سے مشاورت کی جس پر میرے وکیل نعیم بخاری نے مجھے منع کر دیا کہ کیس واپس لینے کے بعد اگر یہ لوگ مکر گئے تو ہمارے پاس کوئی پلیٹ فارم نہ بچے گا۔
سرفراز کا کہنا ہے کہ میں معافی کس بات پر مانگوں ، میں نے اپنے بورڈ میں کرپشن اور جوئے کی نشاندہی ثبوتوں کیساتھ دی ، پھر کہا جا رہا ہے کہ کیس واپس لینے کے بعد میری پنشن بحال کرنے کی یقین دہانی بھی نہیں کرائی جا رہی ، بلکہ کہا گیا ہے کہ آپ کیس واپس لیں پھر سوچیں گے ۔
یا د رہے کہ سرفراز نواز نےوزیراعظم عمرا ن خان کو سوئنگ سکھانے کا دعویٰ بھی کیا ،سرفرا ز نواز نے 1979 میں میلبورن کے میدان میں صرف ایک رنز کے عوض 7آسٹریلین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:حریم شا ہ سے متعلق خبریں ۔۔ایم پی اے ذوالفقار علی شاہ نے حقا ئق وا ضح کر دئیے