(ویب ڈیسک) روس نے وسطی یوکرینی شہر میں واقع شاپنگ سینٹر پر میزائل حملے میں 11 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی سینئر حکام کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے وسطی شہر کریمینچوک میں واقع شاپنگ سینٹر پر دو میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے شاپنگ سینٹر کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ جس وقت شاپنگ سینٹر پر حملہ کیا گیا اس وقت مال میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ موجود تھے، انہوں نے کہا کہ حملے کیلئے وقت کا انتخاب ایسا کیا گیا جس وقت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وسطی پولٹاوا ریجن کے گورنر ڈیمیٹرو لونن نے حملے میں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ورکرز کی جانب سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، ملبے کے نیچے سے مزید لاشوں کے ملنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی ہے، قریب میں کوئی فوجی ہدف نہیں تھا جس پر روس نشانہ بنا سکتا ہو۔