(24 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرگرم،حمزہ شہباز شریف نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں صحت کی سہولتوں کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا فیصلہ کرلیا،انہوں نے ہدایت دی کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو دور کرنے کا روڈمیپ تیار کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری صحت نے محکمے کی کارکردگی اور صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی،وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے تمام ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہیلتھ کیئر کی سہولتیں بہتر بنانے کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیدی، 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے پروگرام کی بھی منظوری دے دی،انہوں نے کہا کہ علاج معالجے کی بہترین سہولتیں عام آدمی کا حق ہے جو اسے ہر صورت ملنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں کس نےرکاوٹ ڈالی؟الیکشن کمیشن سے بڑی خبر آ گئی
حمزہ شہباز نے 85 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کے پروگرام کو 6 سے 8 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے، او پی ڈیز میں مریضوں کو ہر ممکن سہولتیں ملنی چاہئیں، اس پروگرام پر پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا، شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کو جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہسپتالوں کے دورے کئے ہیں صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش تھے، ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔