عید الاضحی کی آمد ، مصالحہ جا ت اور چاول کی قیمتوں میں پھر اضافہ ،"سبزی مافیا " بھی حرکت میں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظرسبز مصالحوں سمیت سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ کر دیا گیاجبکہ دوسری جانب گرم مصالحہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے،ہول سیل کی سطح پر چاولوں کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول 10روپے سے 30روپے تک مہنگے ہوئے، سپرباسمتی چاول 10روپے مہنگاہوکر320روپے پرپہنچ گیا، سیلہ چاول 240روپے کلوسے بڑھ کر260روپے کلو ہوگیا،ٹوٹاچاول 30روپے اضافے سے 130 روپے کلو اور پونیاچاول 20روپے مہنگا ہو کر 160 روپے کلو ہوگیا۔گرم مصالحہ جات قیمت میں 100 سے 200 روپے فی کلو تک اضافہ ہو گیاسرخ مرچ کی قیمت بڑھ کر 480 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ دار چینی 760، زیرہ 840، کالی مرچ 1100 روپے فی کلو ہو گئی۔ لونگ 2400، الائچی سبز 3800 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔ اسی طرح بڑی الائچی 1600 روپے اور سوکھا دھنیا 340 روپے کلو میں ملے گا۔ادرک اور لہسن کی قیمت میں فی کلو 90روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ٹماٹر بھی 25روپے اضافے کے ساتھ 100روپے کلو تک پہنچ گئے، اسی طرح پیاز کی قیمت میں بھی 30روپے کلو اضافہ کر دیا گیا، مارکیٹ میں پیاز 100روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا۔آلو بھی 20روپے اضافے کے ساتھ 80 روپے کلو میں فروخت ہوتا رہا۔دیگر سبزیوں میں بند گوبھی 20 روپے اضافے کے بعد 110،پھول گوبھی 20 روپے اضافے کے بعد 80،شملہ مرچ 30روپے اضافے کے ساتھ 120روپے کلو تک فروخت ہوتی رہی۔بھنڈی، کریلا، اروی، گھیا کدو،گھیا توری کی قیمتوں میں بھی 10 سے 50روپے فی کلو اضافے نے مہنگائی سے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے پیش نظر سبزی مافیا نے سبزی سٹاک کرنا شروع کردی جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں تاحال غیر فعال ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں شہریوں کو ریلیف مہیا کرنے کے اقدامات کیے جائیں تا کہ عید کے موقع پر کچھ ریلیف مل سکے۔