ملک کومسائل کی دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں: عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا تھا۔ تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے, چوروں نے خود کو ریلیف دینے کیلئے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے.
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، مہنگائی کے عوام پر اثرات اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 2 جولائی کو وفاقی دارالحکومت میں مہنگائی کے خلاف جلسے کے انعقاد سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ْ
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت دی،عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی۔ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے۔ پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لیے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔
سابق وزیراعظم مزید کہا کہ نکمے،نااہل،بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لیے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی، پھر بھی آئی ایم ایف کی کڑی شرائط،کمزور معیشت اور کورونا وبا کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔