بھارتی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے بھائی کے لیے 5 کلو وزنی خط لکھ کر نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔، کیرالا سے تعلق رکھنے والی کرشنا پریا نامی ایک خاتون نے اپنے بھائی کے لیے 434 میٹر لمبا ایک خط لکھا جس کا وزن 5 کلو ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اُنہوں نے بھائی کے لیے یہ طویل خط اس لیے لکھا کیونکہ وہ بھائیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بھائی کو اس خاص دن کی مبارکباد دینا بھول گئی تھیں۔
کرشنا پریا کے 21 سالہ بھائی کرشنا پرساد نے بھائیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی بہن کو اس دن کے حوالے سے یاد دہانی کروانے کے لیےمیسج بھی کیا لیکن بہن کی جانب سے میسج پر توجہ نہ دینے پر کرشنا پرساد نے اپنی بہن کو واٹس ایپ سے بلاک کردیا۔کرشنا پریا نے میڈیا کو بتایا کہ’میں اپنے بھائی کو مبارکباد دینا بھول گئی تھی۔ میں عام طور پر بھائی کو بردرز ڈے پر کال کرتی ہوں یا اسے ایک ٹیکسٹ بھیجتی ہوں لیکن اس سال اپنے انتہائی مصروف شیڈول کی وجہ سے بھول گئی‘۔اس خاص موقع پر مبارکباد دینا بھول جانے کی وجہ سے کرشنا پریا نے اپنے بھائی کو 25 مئی کو ایک خط لکھنا شروع کیا۔
خاتون نے A4 سائز کے کاغذ پر یہ خط لکھنا شروع کیا لیکن پھر اُنہیں احساس ہوا کہ اُن کے پاس کہنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے، جس کے بعد اُنہوں نے 15پیپر رولز خریدے اور خط مکمل کرنے کے لیے ہر ایک پیپر رول پر 12 گھنٹے میں لکھا۔
کرشنا پریا نےاپنے لکھے ہوئے اس طویل خط کے لیے ’گنیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں درخواست بھی دی ہے۔