(24نیوز) کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہر حال میں قتل کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گینگسٹر گولڈی برار نے انٹرویو میں کہا کہ ہم نے گلوکار سدھو موسے والا کو مارا اور اب ہر حال میں سلمان خان کو نشانہ بنائیں گے۔ گولڈی برار کا کہنا تھا کہ سلمان خان کو قتل میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان ہمارا اولین ہدف ہے اور اس میں کوئی شک کی بات نہیں ہے۔ ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے اور جب کامیاب ہوں گے تو سب کو پتہ چل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کا پیچھا تب تک کرتے رہیں گے جب تک بشنوئی کمیونٹی سے معافی نہیں مانگ لیتے کیونکہ انہوں نے 1998 میں کالے ہرن کا شکار کر کے بشنوئی کمیونٹی کے جذبات مجروح کیے تھے۔ یاد رہے کہ کالے ہرن کو بشنوئی کمیونٹی کے نزدیک مقدس جانور تصور کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: سمانتھا پرابھو کو سربیا بھا گیا، دلکش تصاویر شیئر کردیں
گولڈی برار نے سدھو موسے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کو سبق سکھانا ضروری ہو گیا تھا کیونکہ وہ بہت مغرور ہو گئے تھے۔ وہ ایک اناپرست انسان تھے، انہوں نے اپنی سیاسی حیثیت اور پیسے کا غلط استعمال کیا، اسی لیے سبق سکھایا گیا، رپورٹ کے مطابق گولڈی برار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد کینیڈا فرار ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ چھلے کچھ عرصے کے دوران سلمان خان کو جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں جن میں کچھ خطوط اور کچھ فون کے ذریعے دی گئیں جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور سلمان خان کے گھر کے باہر بھی پہرا لگا دیا گیا ہے۔