(سفیر رضا)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے نئے مالی سال 2024-25 کی 2 کھرب 64 ارب 3 کروڑ روپے کی بجٹ کثرت رائے سےمنظور کر لیا ۔
وزیر خزانہ آزادکشمیر عبدالماجدخان نے '' آزاد جموں وکشمیر فنانس ایکٹ 2024'' پر مجلس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی، قانون ساز اسمبلی نے مجلس منتخبہ کی رپورٹ پر مسودہ قانون ''آزادجموں وکشمیرفنانس ایکٹ 2024'' متفقہ طور پرمنظور کر لیا، نئے مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کی طرز پر اضافہ کیا گیا ہے، ترقیاتی بجٹ 44 ارب اور غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 2 کھرب 20 ارب 3 کروڑ لگایا گیا ہے، لوکل گورنمنٹ 3 ارب 70 کروڑ، صحت 3 ارب ، پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن 3 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، برقیات 1 ارب 60 کروڑ ، اطلاعات کیلئے 20 کروڑ، زراعت کیلئے 90 کروڑ روپے مختص کئے گئےہیں، ترقیاتی بجٹ میں صحت اور تعلیم کیلئے 3 ارب روپے رکھے ہیں،سیاحت کیلئے 70 کروڑ روپے رکھے ہیں ، رسل و رسائل کیلئے 14 ارب روپے سے زائد رقم مختص کیا گیا وزیر خزانہ آزادکشمیر کے مطابق فنانس ایکٹ میں آزادکشمیر کے عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اجلاس کی صدارت سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کی،قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 30جون بروز اتوار صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن نے کٹوتی کی تحریکیں مسترد کئے جانے پر گزشتہ روز کے اجلاس میں ہی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا تھا، اپوزیشن کا آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج تیسرے روز بھی بائیکاٹ جاری رکھا ۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان اسمبلی نے بھی مالی سال 2024.25 بجٹ کی منظوری دے دی