ملکی بحران جاری رہا تو 2023 میں منتخب ہونےوالی حکومت اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دےگی، احسن اقبال

Mar 28, 2021 | 22:28:PM
ملکی بحران جاری رہا تو 2023 میں منتخب ہونےوالی حکومت اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دےگی، احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کاکہناہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں،ملکی بحران جاری رہا تو 2023 میں منتخب ہونے والی حکومت اپوزیشن میں بیٹھنے کو ترجیح دے گی۔
مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 2018 میں ایک شخص کو ہر بیماری کا علاج سمجھ کر حکومت میں لایا گیا، پاکستان میں وہی شخص ہر بیماری کا سبب بنا،اگر یہ شخص مزید ملک پر مسلط رہا تو ملک تباہ ہو جائے گا۔
لیگی رہنما نے کہاکہ عمران خان کی حکومت نے الیکشن کمیشن نیب اور پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو تباہ کر دیا، عمران خان نیازی کی حکومت نے ایوان صدر کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا،پی ٹی آئی حکومت سٹیٹ بینک مالیاتی ادارے کو بھی اب گروی رکھ رہے ہیں، نااہل حکومت آئی ایم ایف کا ذیلی ادارہ بنانے جا رہے ہیں،پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیاں اب اسلام آباد کی بجائے واشنگٹن میں بنایا کریں گے۔
احسن اقبال نے کہاکہ آج پاکستان کی بربادی کی وجہ اس حکومت نے معاشی ترقی کو کریش کر دیا ہے،عمران خان حکومت نے گیم چینجر منصوبہ سی پیک کو بھی تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 2018 کے انتخابات کی وجہ سے آج چین اور ایران کے درمیان 400 ارب ڈالر کا معاہدہ طے ہو گیا ہے،تین سال گزرنے کے بعد حکومت نے ملک کا جو حال کیا ہے اس سے سکیورٹی خطرات بڑھ گئے ہیں،حکومت ہواس باختہ ہو کر ملکی ادارے تباہ کر رہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہاکہ سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے 58 ہزار نمائندوں کو نئی زندگی دی،حکومت پنجاب مسلسل بلدیاتی اداروں کی بحالی میں روڑے اٹکا رہی ہے،پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے،حکومت پنجاب نے اگر فورا اپنے غیر قانونی غیر آئینی اقدامات واپس نہ لئے تو پھر سپریم کورٹ جائیں گے۔