پشاور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 28 تک پہنچ گئی

Mar 28, 2021 | 22:48:PM

(24 نیوز)عالمی وبا قراردیئے جانے والے کورونا وائرس نے ملک کے مختلف شہروں میں اپنے پنجے پوری شدت سے گاڑنے شروع کردیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 28 تک پہنچ گئی ہے جبکہ سیاحت کے حوالے سے ملک کے معروف شہر سوات میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد ہو گئی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے۔اعداد و شمار کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ نوشہرہ میں کورونا مثبت کیسوں کی شرح 19 فیصد، بونیر میں 16 فیصد، مردان اور مالاکنڈ میں 12 فیصد جب کہ باجوڑ، چارسدہ اور صوابی میں 11 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور، مردان اور سوات میں ہسپتالوں کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کررہے ہیں۔
عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافے کے بعد پشاور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔پشاور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حیات آباد، زریاب کالونی اور سعیدآباد سمیت 9 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ضروری اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی لیکن ان علاقوں میں غیرضروری آمدورفت پر پابندی ہوگی۔حکومت پنجاب کے سیکرٹری صحت نے لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد پہنچنے پر شہر میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کردی ہے۔

مزیدخبریں