(24 نیوز )بھارت نے تیسرے اور فائنل ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو سات رنز سے شکست دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 330 رنز کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اسکی ابتدائی وکٹیں جلد گرگئیں۔ سیم کرن کی شاندار اننگز میچ کو آخری اوور تک لے گئی۔ آخری اوور میں جیت کے لیے انگلینڈ کو 14 رنز درکار تھے تاہم انگلینڈ ٹیم صرف چھ رنز بناسکی۔
سیم کرن 83 گیندوں پر 95 رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ میلان50،لائم لونگ سٹون 36، بین سٹوکس 35اور معین علی 29 رنزبناکر نمایاں رہے۔شردل ٹھاکر نے چار جبکہ بھونیشور کمار نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے تھے۔ بھارت نے ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو تین ایک،ٹی 20 سیریز میں تین دو جبکہ ون ڈے سیریز میں دو ایک سے شکست دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش کو دھول چٹادی