برطانیہ: چیلسی فٹبال کلب کا پہلی مرتبہ اسٹیڈیم میں افطار

چیلسی فٹ بال کلب ایسی افطار کرنے والا انگلش پریمیئر لیگ کا پہلا کلب ہے۔

Mar 28, 2023 | 11:18:AM

(ویب ڈیسک) برطانیہ میں چیلسی فٹ بال کلب نے ’پہلی مرتبہ‘ اسٹیڈیم میں افطار کا اہتمام کیا۔

افطار کی یہ تقریب رمضان ٹینٹ پروجیکٹ اور چیلسی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

برطانیہ میں پریمئیر لیگ کے کسی کلب کی جانب سے ایسی افطار کو تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

چیلسی فٹ بال کلب ایسی افطار کرنے والا انگلش پریمیئر لیگ کا پہلا کلب ہے۔

رمضان المبارک کے دوران یہ ’اوپن افطار‘ سب سے بڑی اجتماعی تقریب ہے جو روزہ رکھنے والے مسلمانوں کو اکٹھے ہونے کا موقع دیتی ہے۔

یہ تقریب باہمی مکالمے کیلئے ایک محفوظ جگہ بھی فراہم کرتی ہے۔

اس تقریب میں متعدد مقامی مساجد، چیلسی ایف سی کے عملے اور چیلسی کی مسلم کمیونٹی کے ارکان اور سکول کے طلبہ کو شرکت کیلئے مدعو کیا گیا۔

اس سال رمضان ٹینٹ پروجیکٹ اپنے 10 سال مکمل کر رہا ہے۔ یہ ادارہ برطانیہ میں سالانہ رمضان فیسٹیول کا اہتمام کرتا ہے۔

اس افطار کا مقصد چیلسی کلب اور فٹبال کے تمام شائقین کے درمیان مذہبی رواداری کو فروغ دینا ہے۔

چیلسی فاؤنڈیشن کے سربراہ سائمن ٹیلر نے اس تقریب کے بارے میں کہا ’رمضان اور یہاں کی مسلم کمیونٹی کو تسلیم کرنا مذہبی رواداری کو فروغ دینے کیلئے ہمارے کام کا ایک اہم پہلو ہے۔‘

’ہمیں یہ میزبانی کرنے والے پہلے پریمیئر لیگ کلب ہونے پر بے حد فخر ہے۔‘

مزیدخبریں