(ویب ڈیسک) پولیس پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو لاہور سے لیکر کراچی پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق حسان نیازی کو کراچی کے تھانہ جمشید کوارٹر میں درج مقدمہ میں لایا کیا گیا ہے۔
حسان نیازی کو کل کراچی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت ہوگی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسان نیازی نے کہا ہے کہ میں نے کراچی نہیں دیکھا تھا یہ لوگ گھمانے کیلئے لائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات ہوتے رہتے ہیں مقدمات ہونا بڑی بات نہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور اور کوئٹہ میں درج مقدمات میں حسان نیازی کی عدالتوں نے ضمانت منظور کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ، اسد عمر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد
اس سے قبل تفتیشی حکام نے کہا تھا کہ کراچی پولیس کی 4 رکنی ٹیم نے حسان نیازی کو لاہور سے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔
تفتیشی حکام نے کہا تھا کہ 4 رکنی ٹیم میں ایس آئی او اور 3 پولیس اہلکار شامل ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ حسان نیازی کو تفتیش کے بعد کل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حسان نیازی کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں اشتعال انگیز تقریر کرنے کے خلاف شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے حسان نیازی کو کراچی لے جانے کیلئے 2 روز کا راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔