(خالد چوہدری، علی رامے) ساہیوال کے قائد اعظم اسٹیڈیم میں بنے مفت آٹا تقسیم سنٹر پر رش کی وجہ سے بھگدڑ مچنے کے دوران 19 خواتین زخمی ہوگئیں جبکہ 1 جان کی بازی ہار گئی۔
عینی شاہدین اس حوالے سے کہنا ہے کہ آٹا ایپ بند ہونے سے پولیس عوام کا رش کنٹرول نہ کرسکی، ایپ بند ہونے سے آٹا نہیں دیا جا رہا تھا جس پر پولیس نے رش ختم کروانے کیلئے دھکے دیے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اس بھگدڑ میں زخمی ہونے والی خواتین کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مزید برآں ڈی سی ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال بھی موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ محسن نقوی اچانک شیخوپورہ پہنچ گئے، مفت آٹا پوائنٹ کا دورہ
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے ساہیوال میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلد تحقیقات کا آغاز کرنے اور غفلت برتنے والے ذمہ دار افراد کو سامنے لانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ڈی آئی جی سپیشل برانچ کو اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا کہ جہاں بھی غفلت سامنے آئی بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔