ٹوبہ ٹیک سنگھ: بھائی نے بہن کا گلا دبا کر قتل کردیا، ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مبشر نقوی) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ظلم کی انتہا، بھائی کا باپ کے ساتھ مل کر بہن کو گلا دبا کر قتل کرنے کی ہولناک ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
یہ ہولناک واقعہ صوبہ پنجاب کے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ صدر کی حدود چک 477 میں پیش آیا، جس میں گھر والوں کے سامنے ایک بھائی نے اپنی 22 سالہ بہن ماریہ کا گلا دبا کر اسے موت کی نیند سلا دیا۔ بہن کا گلا دبا کر قتل کرنے کی ہولناک ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی۔
ماریہ کو 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شپ میں قتل کیا گیا، لڑکی کو قتل کرنے کے بعد لاش کی خاموشی سے تدفین بھی کر دی گئی۔ دل دہلا دینے والی ویڈیو میں ملزم کو بہن کا گلا دباتے دیکھا جا سکتا ہے، باپ سمیت گھر والے آرام سے بیٹھے دیکھتے رہے، بیٹی کے قتل کے بعد باپ نے ملزم بیٹے کو پانی بھی دیا۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں 4 لوگ موجود تھے، 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں لڑکی کے باپ اور بیٹے کو نامزد کیا گیا، جبکہ فوٹیج میں نظر آنے والی خاتون لڑکی کی بھابھی ہے۔
مزید پڑھیں: جگر کی صفائی اور وزن کم کرنے کے لیے لیموں، دار چینی اور میتھی کا قہوہ
پولیس نے مرکزی ملزم فیصل اور اس کے باپ عبدالستار کو گرفتار کرلیا ہے۔ ویڈیو بنانے والے ملزم شہباز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق لڑکی کی لاش نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے ڈی این اے اور پوسٹمارٹم رپورٹ میں اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔