لوک سبھا انتخابات،ثانیہ مرزا کو ٹکٹ جاری کرنے پر غور

Mar 28, 2024 | 12:13:PM

(ویب ڈیسک) ثانیہ مرزا ممکنہ طور پر بھارتی سیاست میں قدم رکھنے کیلئے تیار ہیں،سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے سابقہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا نام بطور امیدوار تجویز کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ثانیہ مرزا آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر حیدرآباد سے امیدوار کے طور پر کھڑی ہورہی ہیں،آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کے مدمقابل کانگریس پارٹی ثانیہ مرزا کو انتخابی دنگل میں اتارنے پر غور کر رہی ہے۔

 ثانیہ مرزا کے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب گزشتہ روز کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) نے چار ریاستوں گوا، تلنگانہ، یوپی اور جھارکھنڈ سے اپنے 18 امیدواروں کے ناموں کی منظوری کیلئے اجلاس منعقد کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق آئندہ انتخابات میں امیدوار کیلئے ثانیہ مرزا کا نام سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے تجویز کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لوہے کی فی ٹن قیمت کتنی ہو گئی؟،جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے

خیال رہے کہ محمد اظہر الدین، ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کے شوہر محمد اسد الدین کے والد ہیں۔ دونوں سابق کھلاڑیوں کے درمیان قریبی خاندانی تعلقات ہیں۔

دوسری جانب سیاسی پنڈتوں کا خیال ہے کہ کانگریس ثانیہ مرزا کی شہرت اور مقبولیت کو استعمال کرتے ہوئے حیدرآباد میں قدم جمانا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس جماعت حیدرآباد سے آخری بار 1980 میں رکن پارلیمنٹ کی نشست پر انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
 
 
 
 

مزیدخبریں