عیدالفطر، پردیسیوں کی واپسی ، ٹرانسپورٹ مافیہ1500 والی ٹکٹ کا 3000 وصول کرنے لگا

Mar 28, 2025 | 12:31:PM

(24 نیوز) عیدالفطر کیلئے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم ہوگیا، من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں، 1500 والی ٹکٹ کا 3000 وصول کیا جانےلگا۔

 پردیسیوں کی بڑی تعداد عیدالفطر اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے کیلئے سامان اٹھائے بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن کا رخ کر رہی ہے، بس اڈوں پر رش پڑتے ہی ٹرانسپورٹ مالکان ان ایکشن ہوگئے، ایڈمنسٹریٹرز اور حکومتی مشینری بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے۔

ٹرانسپورٹرز نے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں، گاڑیاں اڈوں سے باہر کھڑی کر کے ٹرانسپورٹ کی مصنوعی قلت پیدا کی جانے لگی، ٹرانسپورٹرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں اور مسافر دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں اضافے سے انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:جمعۃ الوداع! ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ

علاوہ ازیں بس اڈوں پر رش بڑھنے کے باعث کئی ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو بسوں کی چھت پر بھی بٹھانا شروع کر دیا ہے جو انتہائی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

پریشان حال مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت کوئی بھی ہو ہر سال عید پر غریب مسافروں سے یہی سلوک ہوتا ہے، پانچ افراد کی فیملی والا عید کرنے جائے یا ٹرانسپورٹرز کو ’عید‘ دے، 1500 روپے کرائے کے بجائے 2500 سے 3000 فی سواری دینے پڑ رہے ہیں۔

مسافروں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرائے فکس کئے گئے ہیں اور ہم مناسب کرایہ وصول کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں