فرشی شلوار اور شارٹ قمیض: عیدالفطرپرخواتین کی اکثریت کا پہلا انتخاب 

Mar 28, 2025 | 14:50:PM
فرشی شلوار اور شارٹ قمیض: عیدالفطرپرخواتین کی اکثریت کا پہلا انتخاب 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ایم وقار)عیدالفطرخوشیوں کا تہوار ہے۔رنگوں‘خوشبوﺅں اورمحبتوں کے اس تہوار کا سال پھر انتظارکیا جاتا ہے،اس کے لئے مسلمان ایک مہینہ اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے روزے رکھتے ہیں،عید اہل خانہ کے ساتھ مل بیٹھنے اور دوستوں سہیلیوں کے ساتھ خلوص اورچاہت کے اظہار کا نام ہے،یہ ہرکسی کا تہوار ہے لیکن خواتین اور بچّوں کے لئے اس ”روزخوشگوار“کی اور ہی اہمیّت ہوتی ہے۔

 خواتین نے اس پُرمسرت موقع پر ایک طرف تو گھر بھرکو سجانا سنوارنا ہوتا ہے تو دوسری طرف وہ خود بھی گھر بھر کی توجّہ کا مرکز بننے کی تگ ودو میں مصروف ہوتی ہیں،پُرانے وقتوں میں لڑکیوں اورخواتین کے بناﺅسنگھار کے کچھ اورانداز تھے جوآج کے جدید دورمیں اگرچہ مکمّل طورپرختم تونہیں ہوئے لیکن کافی حد تک تبدیل ضرور ہوگئے ہیں۔

گئے وقتوں میں خواتین عیدیاخوشی کے تہوار کے لئے جوڑے کا انتخاب محض رنگوں کی بنا پرکیاکرتی تھیں لیکن اب لباس کے کپڑے،اس کی تراش خراش‘کڑھائی اور ڈیزائننگ پرخاص طور پر خواتین کی توجّہ ہوتی ہے،چاند رات توخواتین اورلڑکیوں کی شاپنگ،ہاتھوں پرمہندی لگانے اورچوڑیوں کی کَھنک میں گزر جاتی ہے،صبح جب عید کا دن آتا ہے تو گھر کے سارے مرد نماز عید کی ادائیگی کے لئے چلے جاتے ہیں جبکہ خواتین اپنے بناﺅ سنگھار میں لگ جاتی ہیں،عید شاید واحد دن ہوتا ہے جب خواتین واقعی سچّے دل سے ایک دوسرے کے ملبوسات کی تعریف کرتی ہیں۔

عیدچھوٹی ہویابڑی،اس کی ایک اورخوب صورتی یہ بھی ہے کہ اس روز اپنوں کے ساتھ وقت بِتانے کا موقع ملتا ہے کیونکہ آج کی اس مصروف زندگی میں ہر کوئی مشین کی طرح کام کر ر ہا ہوتا ہے، اس روز تو ان عزیزوں اور رشتہ داروں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے جو سارا سال دور رہتے ہیں۔

عید پرسویوں‘تُحفے تحائف اور عیدی کی بات تو ہو لیکن رنگوں اورملبوسات کا ذکر نہ ہو تو بات ادھوری رہ جاتی ہے،اس روز ہر کوئی بالخصوص خواتین اور لڑکیاں بہترین لباس پہننے اورسجنے سنورنے کی کوشش کرتی ہیں بلکہ خواتین کو تو سارا سال اس دن کا انتظار رہتا ہے تاکہ وہ دل کھول کر دل کے ارمان پورے کرسکیں۔

عیدکے موقع پر سب سے ضروری چیز عید کا جوڑا ہوتا ہے۔پہلے اور برینڈز نے خواتین کی اس حوالے سے مُشکل بڑی حد تک حل کردی ہے جن کی عیدکولیکشن رمضان سے قبل ہی مارکیٹ میں آجاتی ہے،اس کولیکشن میں رنگوں کا انتخاب خاص طور پرموسم کو مدنظر رکھ کر کیاجاتا ہے۔ 

اگرچہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے لیکن اس مہنگائی کے باوجود نئے جوڑے،جوتوں اور جیولری کے بغیر عید کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عید کا دن اپنے جلو میں سو رنگ لئے ڈھل جاتا ہے لیکن یادوں میں امر ہو جاتا ہے۔

 خواتین کے لیے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے والا فیشن فرشی شلوار اور شارٹ قمیض اس بار عید پر خواتین کی اکثریت کا پہلا انتخاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افواہوں کی تصدیق ہوگئی،دانیہ شاہ کی بے بی بمپ کیساتھ ویڈیووائرل

خواتین کااس حوالے سے کہنا ہے کہ پرانافیشن لوٹ آیا ہے، درزی بھی فرشی شلوار کی تیاری میں مصروف ہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ خواتین اسی کی ڈیمانڈ کررہی ہیں، عید پر فرشی شلوار کے ساتھ ہلکے رنگ بھی فیشن میں ہیں،تاہم فیشن ڈیزائنرزکاکہناہے کہ زیادہ عمر والی خواتین اور خاص طور پر چھوٹے قد اور صحت مند جسامت والی خواتین پر یہ فیشن اسٹائل زیادہ اچھا نہیں لگے گا البتہ لمبی اور پتلی کم عمر لڑکیاں اس میں زیادہ اسٹائلش لگیں گی۔