فیصل آباد؛ شوہر کے سامنے خاتون سے اجتماعی زیادتی،دوسرا ملزم بھی  گرفتار

Mar 28, 2025 | 23:23:PM

(24نیوز)فیصل آباد میں موٹروے کے قریب شوہر کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیاگیا، حراست میں لئے جانے والے ملزمان کی تعداد 2ہو گئی جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ میں خاتون سے  مبینہ زیادتی کے واقعہ میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیاگیا،ملزم فیصل کو پولیس نے حراست میں لیکر کاروائی کا آغاز کردیا،ملزم فیصل پہلے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور فیصل آباد میں متاثرہ خاتون کے گھر پہنچ گئے،آر پی او فیصل ذیشان اصغر، سی پی او صاحبزاہ بلال عمر، سینئر پولیس افسران آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے  متاثرہ خاتون اور اہل خانہ سے ملاقات کی، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا،آئی جی پنجاب کی وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے متاثرہ خاندان کو انصاف کی مکمل فراہمی، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرکے چند گھنٹوں میں مرکزی ملزم گرفتار کئے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین سے زیادتی، تشدد، ہراسگی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

یادر رہے کہ تین روز قبل  فیصل آباد میں سڑک پر اجتماعی زیادتی کی گھناؤنی واردات ہوئی تھی، ڈاکوؤں نے موٹر وے کے قریب میاں بیوی کو روکا اور شوہر کو باندھ کر اس کی بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنایاتھا پولیس نے دوران واردات شادی شدہ خاتون سے تین افراد کی اجتمائی زیادتی کا مقدمہ درج بھی درج کیا تھا ۔۔

۔پولیس کے مطابق درخواست ملنے کے بعد فوری کارروائی کی گئی اور چند گھنٹوں بعد ہی ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کا نام شیر علی ہے۔

بعدازاں دوسرے ملزم فیصل کو چک 64 بلو موڑ کے قریب سے گرفتار کیا گیا جبکہ تیسرے ملزم عمر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں