(24نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اسپیکر کو لکھے گئے خط کے جواب میں اسپیکر میر عبدالقدو س بزنجو نے وزیراعلیٰ جام کمال خان کو حکومت کی جانب سے اسمبلی کی کارروائی کو سنجیدہ نہ لینے پر کھری کھری سنا دیں۔
تفصیلات کے مطابق جا م کمال خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کو حکومت اور اپوزیشن ارکان کو برابر وقت دینا ہوتا ہے لیکن اپوزیشن ارکان اپنی باری کا مکمل فائدہ اٹھاتے ہیں جب کہ حکومتی ارکان اسمبلی کی کارروائی کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ اسپیکر نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی تاریخ میں کبھی حکومتی ارکان کی طرف سے کورم کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
موجودہ حکومتی ارکان کی جانب سے متعدد بار کورم کی نشاندہی بدقسمت اور حیران کن فعل ہے، بلوچستان اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران اسمبلی کے باہر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے اپنے حقوق کے لیے اس امید کے ساتھ احتجاج کیا جاتا ہے کہ ان کی بات سنی جائے گی، اپوزیشن ارکان ایسے احتجاجوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایوان میں آواز اٹھاتے ہیں لیکن حکومتی ارکان کبھی بھی اپوزیشن کی حکمت عملی کو زیر کرنے یا جواز پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے۔
میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خود ایوان میں نہیں آتے اور نہ ہی حکومتی ارکان کارروائی کو سنجیدگی سے لیتے ہیں جس کی وجہ سے اپوزیشن کو زیادہ بات کرنے کا موقع اور سوشل میڈیا پر کوریج ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کو صبو ر علی نے کھری کھری سنا دیں