(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ وہ ہمیشہ کہتے تھے کہ گھبرانا نہیں ہے اور لوگ گھبرا جاتے تھے مگر اب مشکل وقت سے نکل چکے اور بہت اچھا وقت آرہا ہے۔
رشکئی ترجیحی خصوصی اقتصادی زون کے کمرشل لانچ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون سی پیک کے اندر آتی ہے جو خوش آئند ہے، پاکستان کا مستقبل انڈسٹریلائزیشن میں ہے اور پاکستان میں برآمدات کے لیے انڈسٹری لگانے کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے جتنی آسانیاں ہوں گی اتنی زیادہ سرمایہ کاری آئے گی، اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو سہولیات دیں گے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ ڈھائی سال پہلے پاکستان بینک کرپٹ تھا اور قرضہ بڑھا ہوا تھا لیکن اللہ کا شکر ہے ہم مشکل دور سے نکلے اور ملک کو معاشی استحکام دیا، اب ملک ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے، ہماری معیشت اٹھنا شروع ہوگئی ہے، اب ملک ٹھیک جگہ کھڑا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ بہت اچھا وقت آرہا ہے، کہتا رہتا تھا صبر کرو اور گھبرانا نہیں مگر لوگ گھبراجاتے تھے، زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے، انسان کو صبر کرنا چاہیے، اللہ کا کرم ہے کہ جو بہت مشکل وقت تھا نکل گیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب حکومت ملی تو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ملا، پچھلے 10 ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے، ہمارے پاس ڈالر زیادہ آرہے ہیں، اسی وجہ سے پچھلے چند ماہ میں روپیہ مضبوط ہوا ہے، اب جیسے جیسے معیشت بڑھے گی ہمارے کرنٹ اکاؤنٹ پر پریشر پڑے گا اور ڈالر باہر جائیں گے ہمیں اس سے بچنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے وہ کام کیا جو کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوا، اسی کی وجہ سے روپیہ مضبوط ہوا ہے، اب ہمیں نظر رکھنا ہےکہ کبھی آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بڑا جھٹکا ۔۔معروف اداکارہ کورونا سے جان کی با زی ہار گئیں