پاکستان نے بھارت کو 2 جاسوسوں تک قونصلر رسائی دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( انور عباس)انسانی بنیادوں پر پاکستان کا بڑا فیصلہ، پاکستان نے بھارت کو 2 جاسوسوں تک قونصلر رسائی دیدی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق قونصلر رسائی بھارت کی درخواست پر دی گئی ہے،گزشتہ روز بھارتی ہائی کمیشن حکام کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں تک قونصلر رسائی فراہم کر دی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے دو نوجوان فیروز احمد لون اور نور محمد وانی کو جاسوسی کے الزام میں گلگت بلتستان سے گرفتار کیا گیا تھا,فیروز احمد لون 29 سال جبکہ نور محمد وانی کی عمر 24 سال ہے,دونوں کا تعلق مقبوضہ کشمیر میں بانڈی ہورہ کے علاقے گوریز سے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں نوجوان نومبر 2018 سے مقبوضہ کشمیر سے لاپتہ ہیں,دونوں نوجوانوں کو غیر قانونی سرحد پار کرنے اور جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا,بھارت کی جانب سے قونصلر رسائی کی درخواست کے بعد پاکستان نے قونصلر رسائی فراہم کی۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ روز دونوں قیدیوں کو گلگت بلتستان جیل سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا,قونصلر رسائی ملنے کے بعد بھارتی سفارتخانے کے 3 رکنی وفد نے اڈیالہ جیل میں دونوں قیدیوں سے ملاقات کی, بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سمیت 2 سٹاف ارکان نے ان قیدیوں سے ملاقات کی, بھارتی ہائی کمیشن کے وفد میں فرسٹ سیکرٹری وینکٹیش وارلو سدھارا ،سٹاف ممبر دھرووبرگجر اور پیتم سنگھ کرن شامل تھے،ملاقات کے دوران وزارت داخلہ کے افسران بھی موجود تھے۔