(24نیوز)شوگر ایڈوائزری بورڈ نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں چینی برآمد کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق شوگرایڈوائزری بورڈ کا اجلاس کل لاہور میں ہوگا، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویرحسین اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں چینی کی برآمد کا جائزہ لیا جائے گا،اجلاس میں وزیر تجارت جام کمال اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں شوگر ملز مالکان ملک سے چینی برآمد کا معاملہ اٹھائیں گے، جب کہ شوگرایڈوائزری بورڈ چینی کے مجموعی ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں چینی برآمد کرنے کا جائزہ لینے کے احکامات جاری کئے تھے،وزیراعظم نے ہدایت دی تھی کہ مقامی ضروریات پوری ہونے کی شرط پر چینی ایکسپورٹ پرغور کیا جائے، برآمد پر غور کرتے وقت چینی کی قیمت میں اضافہ نہ ہونے کو یقینی بنانا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے دو اجلاسوں میں چینی برآمد کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا، برآمد کو مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں استحکام سے جوڑ دیا گیا تھا۔