(24 نیوز) عالمی دباؤ کے باوجود رفح میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، صیہونی فورسز نے دیر البلاح، البریج، نصیرات، المغازی، خان یونس، رفح اور غزہ سٹی سمیت متعدد مقامات پر بموں کی برسات کردی، اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹو ں میں مزید 200سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
الجیریا کی درخواست پر رفح کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج ہوگا۔
صیہونی فوج کے حملوں کے بعد کویتی ہسپتال غیر فعال ہو گئے، طبی عملے کے متعدد افراد بھی جان کی بازی ہارگئے، صیہونی فوج نے انڈونیشین ہسپتال پر بھی بمباری کی، ہٹ دھرمی پر قائم اسرائیلی فوج نے ڈاکٹرز اور مریضوں کو انخلا کا حکم دے دیا، اسرائیلی فورسز نے گزشتہ روز رفح میں وحشیانہ حملوں میں خواتین بچوں سمیت 45افراد کو شہید کردیا تھا،آگ سے متعدد شہری جھلس گئے، 250سے زائد افراد بمباری میں شدید زخمی ہوئے، بمباری کے بعد کیمپوں میں آگ بھی لگ گئی جس سے ننھے بچے بری طرح جھلس گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سپین کیجانب سے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے پر حکومتِ پاکستان کا ردِ عمل آ گیا
رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے حملے کو افسوسناک قرار دے دیا، امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے خلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے، اسرائیل کو شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے، اسرائیلی فوج سے رابطے میں ہیں، اسرائیل رفح حملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں فلسطینیو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئےاحتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، نیویارک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا، برطانیہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، شہر نعروں سے گونج اٹھے، سپین، فرانس، تیونس، بیروت اور دیگر ممالک میں بھی مظاہرین نے فلسطین کے حق میں اپنا احتجاج رکارڈ کرایا، مظاہرین نے عالمی برادری سےغزہ میں فوری جنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں کینیڈین وزیر خارجہ بھی اسرائیلی مظالم پر پھٹ پڑیں، سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا کہ کینیڈا اسرائیل کے رفح میں ملٹری آپریشن کو سپورٹ نہیں کرتا، رفح میں فلسطینی شہریوں کی اموات سے خوفزدہ ہیں، اسرائیل غزہ میں فوری حملے بندکرے، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں، یوں عام شہریوں کا قتل عام قابلِ قبول نہیں۔
ادھراوآئی سی نے رفح میں مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے مطالبہ کیا اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔