لاہور:بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا،شوہر کے پہلو میں سپردخاک

Nov 28, 2020 | 15:18:PM

Read more!

(24نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ جاتی امرا میں ادا کر دی گئی۔ علامہ راغب نعیمی نے نماز جنازہ پڑھائی۔شوہر کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف جاتی امرا میں ادا کی گئی جس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ مفتی راغب نعیمی نے پڑھائی ۔مرحومہ کی  تدفین شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں کردی گئی۔

واضح رہے کہ بیگم شمیم اختر کا جسد خاکی غیر ملکی پرواز 259 کے ذریعے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔نواز شریف کی ہمشیرہ کوثر بیگم بھی میت کے ساتھ لاہور پہنچیں جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے لاہور ائیر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کی جسے شریف میڈیکل کمپلیکس جاتی امرا پہنچا یاگیا۔

  دوسری جانب پیرول پر رہا ن لیگ کے صدر شہبازشریف سے  نوازشریف نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اپنی صحت کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔رہائی کے بعد مریم نواز نے بھی شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے دادی کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ چچا جان اس وقت ہم پر شدید غم کی گھڑی ہے، حکومت میری دادی اورآپ کی والدہ کی وفات کو بھی مستقل سیاسی رنگ دے رہی ہے، ہم نے کبھی کسی کی کردار کشی کی ہے نہ کبھی کریں گے۔


یاد رہے کہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ گزشتہ روز لندن کی مرکزی مسجد میں ادا کی گئی تھی، کورونا ایس او پیز کے تحت نماز جنازہ میں 30 افراد کے شریک ہونے کی اجازت تھی، لندن میں بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں نوازشریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، ان کے بیٹے علی ڈار اور قریبی عزیز شریک ہوئے تھے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 27 نومبر سے یکم دسمبر تک رہا کیا گیا ہے۔پیرول قواعد کے تحت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی رہائش گاہ سب جیل قرار دی گئی ہے اور جیل کا عملہ اُن کے ساتھ رہے گا۔

 



مزیدخبریں