24 نیوز: چیئرمین چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی (سی پیک) لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے چین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ، ملاقات میں سی پیک پر تعاون سےمتعلق دونوں ملکوں کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سی پیک کے تحت مستقبل میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی ہے، نونگ رونگ نے کہا کہ میں عاصم باجوہ کی سربراہی میں سی پیک اتھارٹی کے کام سےبہت متاثرہوا ہوں۔
یاد رہے کہ17 نومبر کو پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے بھی ملاقات کی تھی۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چین کے نئے سفیر نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے استحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اقدامات کی تعریف کی، اس موقع پر فریقین نے دونوں دوست ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔