(24نیوز)وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کے سکولوں کی بندش کے اعلان کے بعد سے مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، اسی ضمن میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی انہیں داد دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شفقت محمود پر سوشل میڈیا پر بننے والی میمز سے صدر عارف علوی بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔سکولوں کی بندش کے فیصلے کے بعد عارف علوی کا شفقت محمود کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ شفقت محمود کے اعلان پر زبردست ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔
صدر علوی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نوجوان سکول و کالجز کی بندش کے فیصلے پر بہت خوش ہیں اور انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار بہت خوبصورت طریقے سے کیا ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان خوش رہنے والے لوگوں کا ملک ہے، اللّٰہ نظرِ بد سے ہمیں دور رکھے۔
عارف علوی کے اس ٹوئٹ کا تذکرہ شفقت محمود اپنی حالیہ تقریر میں کرنا نہ بھولے، انہوں نے اپنی مقبولیت کے حوالے سے کہا کہ ’شہرت اور مقبولیت ہر کسی کی خواہش ہے، لیکن جس بنیاد پر مجھے شہرت اور مقبولیت مل رہی ہے وہ کوئی بہت پسندیدہ چیز نہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’صدر مملکت کے ٹوئٹ نے تو سونے پر سہاگا کر دیا۔‘