24نیوز: سابق وزیر اعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی کو مبینہ طور اپنی رہائش گاہ پر ایک بار پھر نظر بند کر دیا گیا تاہم جموں و کشمیر پولیس محبوبہ مفتی کو نظر بند کرنے سے انکار کر رہی ہے، پولیس کےاہلکاروں نے صحافیوں کو پریس کانفرنس میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیر پولیس کے آفیشل ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی نظر بند نہیں ہیں۔ ان سے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنا دورہ ہ ملتوی کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ محبوبہ مفتی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن جموں و کشمیر پولیس نے نامہ نگاروں کو انکی رہائش گاہ کے نزدیک جانے کی اجازت نہیں دی۔
محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ بی جے پی کے وزرا اور ان کے حواری وادی کشمیر کے ہر طرف گھوم رہے ہیں لیکن صرف انکے معاملے میں سیکورٹی ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری بیٹی التجا مفتی کو بھی گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے تاکہ وہ پارٹی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کے گھر نہ جاسکے۔
محبوبہ مفتی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ مجھے ایک بار پھر خانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ گذشتہ دو دنوں سے مجھے وحید الرحمان پرہ کے گھر واقع پلوامہ جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’ان کے ظلم کی بھی کوئی حد نہیں ہے‘۔ وحید کو بے بنیاد الزامات کے پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے اور مجھے ان کے اہل خانہ کو دلاسہ دینے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کے روز نئی دلی میں گرفتار کیا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے نامہ نگاروں کو محبوبہ مفتی کی طرف سے بلائی جانے والی پریس کانفرنس میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی۔